این پی آر فارم سے متنازعہ فقرے حذف کرنے بہار کی اپیل

   

سی اے اے ، این پی آر ، این آر سی پر اسمبلی میں ہنگامہ کے بعد نتیش کا بیان
پٹنہ ۔ 25 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج نیشنل پاپولیشن رجسٹر ( این پی آر ) کے فارمس میں شامل ’’اضافی فقروں ‘‘ پر اپنی مخالفت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت مرکز سے تحریری طورپر اپیل کرچکی ہے کہ این متنازعہ فقروں کو حذف کردیا جائے ۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور دیگر کی پیش کردہ تحریک التواء پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے نتیش نے اسمبلی کو بتایا کہ اس بارے میں کوئی اُلجھن نہیں ہونا چاہئے کہ این پی آر کا عمل ریاست میں کس طرح کیا جائے گا اور کسی سے بھی والدین کی پیدائش کے مقامات جیسے سوالات نہیں کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں ایوان میں سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کے مسئلہ پر شوروغل ہوا کیونکہ اپوزیشن نے جب ترمیم شدہ قانون شہریت کو ’’کالا قانون ‘‘ قرار دیا تب بی جے پی ارکان نے پرشور اعتراض کیا ۔ اپوزیشن کے ممبرس ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور تحریک التواء پر فوری مباحث کا مطالبہ کرنے لگے۔ وہ ایوان کے وسط میں پہونچ گئے جس کی وجہ سے کارروائی 15 منٹ کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔