اہم مسائل سے عوام کو بھٹکایا جارہا ہے،بی وشوم کا بیان
نئی دہلی ۔ 6 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی لیڈر بنوئے وشوم نے آج حکومت پر مذہبی خطوط پر عوام کو تقسیم کرنے اور سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کے ذریعہ اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کا مورد الزام ٹھہرایا ۔ صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ وہ ہندوستان کے عوام کو تقسیم کردینا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے وہ دستور سے پیچھا چھڑانا چاہتے ہیں ۔ اصل مقصد دستور کو داخلی طورپر نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرنے پر ناکام ہوگئی ہے اور عوام کی توجہ سی اے اے اور دیگر قوانین کے ذریعہ بھٹکانا چاہتی ہے۔ میں صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک کی مخالفت کرتا ہوں ۔ کسی وقت ہمیں صدر جمہوریہ پر ترس آسکتا ہے کیونکہ حکومت نے انہیں وہ کہنے پر مجبور کیا جو حقائق نہیں ہیں۔