اینویڈیا نے جینسن ہوانگ کو ان کے عہدوں پر بحال کر دیا

   

بورڈ آف ڈائریکٹرس کی اپنے سابقہ فیصلہ پر نظرثانی، ہوانگ کی واپسی قومی سلامتی کیلئے کوئی خطرہ نہیں : ٹرمپ

نیویارک ۔ 24 نومبر (ایجنسیز) کمپنی ’’ اینویڈیا ‘‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کو چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدوں پر دوبارہ تعینات کر دیا اور کہا ہیکہ اس اقدام سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے جبکہ کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی کمپنی کے حصص میں 35 فیصد اضافہ ہو گیا اور مارکیٹ ویلیو میں بھی ایک ٹریلین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔’’ اینویڈیا ‘‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے سابقہ فیصلہ سے غیر معمولی طور پر پیچھے ہٹتے ہوئے کمپنی کے تمام عہدوں پر ہوانگ کی فوری واپسی کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیا جو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ان کی واپسی کے مطالبات کے بعد سامنے آیا ہے، ہوانگ نے شادی سے باہر تعلقات کے انکشاف کے پس منظر میں استعفیٰ دیدیا تھا جن میں ایک ایسی خاتون کے ساتھ تعلق بھی شامل تھا جس پر چینی جاسوس ہونے کا شبہ ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی حکومت اینویڈیا میں جینسن ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کیلئے کوئی خطرہ نہیں دیکھتی اور انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ حکومت کے پاس کسی بھی غیر قانونی طرز عمل میں جینسن ہوانگ کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیشت کی کامیابی اور خوشحالی کیلئے امریکہ کو اینویڈیا کیلئے جینسن ہوانگ کی قیادت کی ضرورت ہے اور کمپنی نے انہیں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدہ پر بحال کر کے درست فیصلہ کیا ہے۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اینویڈیا کو امریکی برآمدی ضوابط کی پاسداری کے حوالے سے اپنی اندرونی تحقیقات جاری رکھنی چاہئیں۔ فی الحال کمپنی کے خلاف متعدد تحقیقات جاری ہیں جن میں امریکی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور محکمہ انصاف کی تحقیقات شامل ہیں جو ممکنہ اکاؤنٹنگ بے ضابطگیوں سے لیکر الیکٹرانک چپس کی اسمگلنگ کے الزامات تک کے معاملات سے متعلق ہیں۔ اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ہاروی جونز نے منگل کو کہا تھا کہ بورڈ جینسن ہوانگ کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا کیونکہ انہوں نے کمپنی کے ضابطہ اخلاق، معیارات اور ثقافتی اصولوں سے مطابقت نہ رکھنے والے ذاتی طرز عمل کے انکشاف کے بعد رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔
ہوانگ نے اس سے قبل ایک ایسی خاتون کے ساتھ شادی سے باہر تعلقات کے انکشاف کے بعد عہدے سے سبکدوش ہونے پر اینویڈیا کی صدارت پر واپس آنے کیلئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا تھا جس پر چین کیلئے جاسوسی کرنے کا شبہ ہے۔ہوانگ نے ایک بیان میں کہا کہ اگر بورڈ آف ڈائریکٹرز یہ سمجھتا ہے کہ مجھے اس عہدے پر بحال کرنا ہمارے حصص داروں، ملازمین، کمپنی اور امریکہ کے مفاد میں ہے تو مجھے ان مطالبات کو پورا کرنے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر واپس آنے میں فخر محسوس ہوگا۔