دبئی۔ انگلینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں سات وکٹیں حاصل کرنے کے بعد چہارشنبہ کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی مردوں کی ٹسٹ درجہ بندی میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنزکو پیچھے چھوڑ کر نمبرایک بولر بن گئے ہیں ۔ اینڈرسن جنہوں نے اپنے کیرئیر میں چھٹی بار مردوں کی ٹسٹ درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے، مئی 2016 میں پہلی بار نمبرایک بولر بنے اور نومبر2018 میں جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا کو پیچھے چھوڑنے سے پہلے آخری نمبرایک پر تھے۔ اینڈرسن کے 40 سال اور207 دن کی عمر میں سرفہرست ہونے کا مطلب یہ بھی ہے کہ وہ 1936 میں آسٹریلیا کے عظیم کلیری گریمیٹ کے بعد سے پہلا مقام رکھنے والے سب سے معمر بولر ہیں۔ تاہم ٹاپ پر ان کی برتری بہت نازک ہے، اشون جملہ 864 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور انگلینڈ کے فاسٹ بولر سے صرف دو ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ دریں اثناکمنز جو فروری 2019 سے سرفہرست تھے، 858 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ا گئے، لیکن پھر بھی آسٹریلیا کی ہندوستان کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز کے دوران کچھ مضبوط کارکردگی کے ساتھ دوبارہ پہلا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔
ایشیا کپ کا آئندہ ماہ فیصلہ متوقع
دبئی ۔ ایشیا کرکٹ کپ کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس مارچ کے وسط میں ہوگا۔ میڈیا کے مطابق اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے فیصلہ ہوگا۔اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس 14 یا 15 مارچ کو دبئی میں ہوگا۔ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور اے سی سی کی گزشتہ اجلاس میں مقام سے متعلق فیصلہ نہیں ہوسکا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایشیا کپ کی منتقلی کے بارے میں کوئی متبادل زیر غور نہیں۔پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ کسی تیسرے مقام پر منتقل نہیں ہوگا، تمام مقابلے پاکستان میں ہوں گے۔