ایودھیا رام مندر چوری کے واقعہ پر جگا ریڈی کی تنقید

   

سنگاریڈی ۔ یکم جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی پی سی سی جگا ریڈی نے ایودھیا کے رام مندر میں پیش آئے مبینہ چوری کے واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی قیادت کی خاموشی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی واقعہ کانگریس حکومت کے دور میں پیش آتا تو بی جے پی ملک بھر میں احتجاج کرتی، مگر آج اسے معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے شری رام کے نام کو صرف سیاست اور ووٹ بینک کے لیے استعمال کیا، جبکہ کانگریس شری رام کے نظریات اور اقدار پر یقین رکھتی ہے۔ جگا ریڈی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑیں اور عوام کے سامنے وضاحت پیش کریں ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سابق حکومت کے قرضوں کی ادائیگی اور عوامی فلاحی اسکیموں پر عمل درآمد میں مصروف ہیں، اس لیے ہر سیاسی بیان کا جواب دینا ضروری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ہے، جبکہ بی جے پی کا تلنگانہ کی سیاست میں مؤثر کردار نہیں ہے ۔ تلنگانہ کی عوام میں بی جے پی مقبول نہیں ہے ۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہے ۔ تلنگانہ ریاست میں کانگریس حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے۔