ہریدوار میں کئی سادھوؤں کا ایودھیا اور دستور کی دفعہ 370 تنازعات کا احیاء
ہریدوار ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) کئی ہندو سادھوؤں نے آج اس مطالبہ کا احیاء کیا کہ ایودھیا میں ایک رام مندر تعمیر کیا جائے اور دستور کی دفعہ 370 کو منسوخ کیا جائے۔ ان کا ادعا ہیکہ اب وقت آ گیا ہیکہ مودی حکومت عوام کے دیئے ہوئے اختیارات کو ان سے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل کیلئے استعمال کرے۔ اجلاس میں شریک سادھوؤں نے اظہاراطمینان کیا کہ لوک سبھا انتخابی نتائج کا اعلان ہوچکا ہے اور ان سے ثابت ہوچکا ہیکہ قوم پرستی ہندوتوا اور ترقی کی سیاست نے خاندان، ذات پات، خوشامد اور کرپشن کی سیاست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وی ایچ پی کے صدر وی ایس کوکجے نے تفصیل سے دستور کی دفعہ 370 اور 35A کے بارے میں تقریر کی اور کہا کہ انتخابی نتائج سے عوام کی پرجوش اہم فیصلوں کی تائید کی جھلک ملتی ہے جو وزیراعظم نریندر مودی کے گذشتہ میعاد کے دوران فیصلے ہیں۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکھنڈ پرم دھن آشرم کے پرمانن کی مہاراج نے کہا کہ مودی کی گذشتہ میعاد میں گایوں کی حفاظت کیلئے ایک علحدہ آیوگ قائم نہیں کیا جاسکا۔ اسے موجودہ میعاد میں مکمل کرنا چاہئے۔ سنتوں اور سادھوؤں نے یاد دہانی کی کہ بی جے پی نے اپنے نظریاتی دستاویز برائے 2019ء لوک سبھا انتخابات میں کچھ تیقنات دیئے ہیں اور کہا ہیکہ پارٹی کیلئے اب کارروائی کرنے کا وقت آ گیا ہے اور اپنے تیقنات کو جلد از جلد پورا کرنا چاہئے۔ شہریوں کیلئے ایک قومی رجسٹر، وادی کشمیر اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر جیسے تیقنات کی تکمیل وقت کا تقاضہ ہے۔
منتخبہ اسپیکر لوک سبھا کی
صدرجمہوریہ سے ملاقات
نئی دہلی ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے کے بعد اوم برلا نے صدرجمہوریہ ہند رامناتھ کووند اور نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو سے راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی۔ صدر نے کووند اور برلا اور کووند اور وینکیا نائیڈو کی تصاویر اپنی ویب سائیٹ پر شائع کی ہیں۔ نائیڈو نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ انہیں یقین ہیکہ عوامی زندگی کے طویل تجربہ کیساتھ شری برلا ملک میں پارلیمانی جمہوریت کو مستحکم اور سرفراز کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔
