سابق رکن اسمبلی رویندر ریڈی بھی شامل ہوں گے، بی جے پی قیادت سے گرین سگنل
حیدرآباد۔ سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر آج نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ سابق رکن اسمبلی ای رویندر ریڈی کے ہمراہ وہ شمس آباد ایر پورٹ سے دہلی روانہ ہوئے جس کے بعد بی جے پی میں ان کی شمولیت کی قیاس آرائیوں میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے بی جے پی کے اعلیٰ قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا اور بتایا جاتا ہے کہ پارٹی اعلیٰ کمان نے راجندر کی شمولیت کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ پارٹی کے بعض قائدین جو تلگودیشم سے بی جے پی میں شامل ہوئے وہ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں اور انہوں نے راجندر کی شمولیت کی مخالفت بھی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی اور بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے بھی نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ اراضیات پر قبضہ کے الزامات کے بعد کے سی آر نے انہیں کابینہ سے برطرف کردیا تھا۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں کے قائدین راجندر سے ربط میں تھے۔ راجندر نے ابھی تک بی جے پی میں شمولیت کی توثیق نہیں کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی سے ملاقات کے بعد راجندر نے بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ راجندر کی شمولیت کے مسئلہ پر قومی صدر جے پی نڈا نے بنڈی سنجے کے علاوہ دیگر قائدین سے مشاورت کی ہے۔ شمولیت کے بعد حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں بی جے پی راجندر کو امیدوار بناسکتی ہے۔ راجندر نے اس بات کی کوشش کی تھی کہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کی صورت میں بی جے پی، کانگریس اور بائیں بازو کی جانب سے امیدوار کھڑا کئے بغیر تائید کی جائے۔