ایٹالہ راجندر کو بی جے پی میں شامل کرنے پارٹی ہائی کمان کا گرین سگنل

   

پروفیسر کودنڈا رام ، کنڈا ویشویشور ریڈی کی مصالحت ناکام ، مزید قائدین سے بی جے پی کی مشاورت
حیدرآباد :۔ سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو پارٹی میں شامل کرنے کو بی جے پی ہائی کمان نے منظوری دے دی ہے ۔ ایک دو دن میں ایٹالہ راجندر دہلی پہونچکر قومی پارٹی قائدین کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہونے کا امکان ہے ۔ کابینہ سے برطرفی کے بعد تلنگانہ کی سیاست میں ایٹالہ راجندر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے ایٹالہ راجندر کو بی جے پی میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ تاہم باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایٹالہ راجندر نے اپنا جھکاؤ بی جے پی کی طرف رکھا ہے ۔ اس کی دو وجوہات ہیں ایک طرف ان کا اپنا بزنس ہے ۔ جس کے خلاف تلنگانہ حکومت اراضی قبضہ کے نام پر انہیں پریشان کررہی ہے ۔ دوسری وجہہ ان کا اسمبلی حلقہ حضور آباد کریم نگر پارلیمانی حلقہ میں شمار ہوتا ہے جس کی تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نمائندگی کرتے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس کمزور ہے ۔ مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار ہے ۔ تمام سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ایٹالہ راجندر نے اپنے بزنس ( پولٹری فارم ) کو بچانے اور سیاسی مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے بالآخر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کل انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے کی تردید کی تھی مگر وہ مسلسل بی جے پی قائدین سے رابطہ بنائے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اسمبلی حلقہ یلاریڈی کے سابق رکن اسمبلی اے رویندر ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس کے دسرے ناراض قائدین بھی بی جے پی میں شامل ہوں گے ۔ بی جے پی کے قائدین سابق ارکان پارلیمنٹ کنڈا ویشویشور ریڈی اور رمیش راتھوڑ کو بھی بی جے پی میں شامل کرنے کے لیے ان سے تبادلہ خیال کررہی ہے ۔ کانگریس کے بھی ایک رکن اسمبلی بی جے پی سے رابطہ میں ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے آج بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ورچول تبادلہ خیال کیا جس میں سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک کے علاوہ دوسرے قائدین بھی شامل تھے ۔ جس میں جے پی نڈا نے ایٹالہ راجندر کو بی جے پی میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ ایک دو دن میں ایٹالہ راجندر دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ پارٹی کے اہم قائدین کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوں گے ۔ آج سربراہ ٹی جے ایس پروفیسر کودنڈا رام اور سابق رکن پارلیمنٹ کنڈا ویشویشور ریڈی نے ایٹالہ راجندر سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے ایک علحدہ پلیٹ فارم تشکیل دینے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا تاہم ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایٹالہ راجندر نے ان سے کہا ہے کہ وہ بی جے پی میں شامل ہونے کا من بنا چکے ہیں ۔ ایٹالہ راجندر بی جے پی میں شامل ہونے سے قبل یا شامل ہونے کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوں گے ۔ دوسری جانب بی جے پی کے سینئیر قائد سابق وزیر ای پدی ریڈی نے ان سے مشاورت کیے بغیر ایٹالہ راجندر کو بی جے پی میں شامل کرنے کی سخت اعتراض کرتے ہوئے سنگین نتائج کا انتباہ دیا ہے ۔۔