ایٹالہ راجندر کی اراضیات کے سروے کے موقع پر ٹی آر ایس قائدین کی موجودگی

   

بی جے پی کا اعتراض، عہدیداروں پر اثر انداز ہونے کا الزام
حیدرآباد۔/17 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کی اراضیات کے سروے کا کام آج سے میدک ضلع کے مسائی پیٹ منڈل میں شروع ہوا۔ راجندر کی اہلیہ کے نام سے موجود جمنا ہیچریز کی اراضیات کے اسائینڈ ہونے سے متعلق شکایات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریوینو اور سروے کے عہدیدار آج صبح جیسے ہی جمنا ہیچریز پہنچے ان کے ہمراہ ٹی آر ایس کے مقامی قائدین بھی موجود تھے جس پر بی جے پی قائدین نے سخت اعتراض جتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اراضی کے سروے سے ٹی آر ایس قائدین کا کیا تعلق ہے۔ وہ دراصل عہدیداروں پر اثر انداز ہونے کیلئے موجود ہیں۔ بی جے پی کے ضلع صدر جی سرینواس نے ہیچریز کی اراضی کے سروے کے موقع پر ٹی آر ایس قائدین کی موجودگی کو انتقامی کارروائی کی تیاری سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریوینو اور سروے عہدیدار اپنے مقررہ قواعد کے تحت کام انجام دے رہے ہیں لیکن ٹی آر ایس کے قائدین انہیں مختلف ہدایات دیتے ہوئے دیکھے گئے۔ اچم پیٹ موضع میں جمنا ہیچریز کی اراضی کے خلاف کسانوں نے حکومت سے شکایت کی تھی۔ حکومت نے اس وقت تحقیقات کا آغاز کردیا تھا جب راجندر کابینہ میں برقرار تھے۔ اراضی معاملات کی جانچ کے بعد انہیں کابینہ سے برطرف کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے کسانوں کو شراب اور کھانا فراہم کرتے ہوئے راجندر کے خلاف شکایت کیلئے اُکسایا جارہا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اراضیات کے سروے کا کام مزید چند دن تک جاری رہے گا۔ راجندر کی اہلیہ نے اسائینڈ اراضی حاصل کرنے کی تردید کی اور کہا کہ انہوں نے باقاعدہ طور پر اراضی خریدی ہے۔ ر