ایٹالہ راجندر کے خلاف اراضی تحقیقات میں شدت

   

4 آئی اے ایس عہدیداروں نے اراضی کا معائنہ کیا
حیدرآباد: آئی اے ایس عہدیداروںکی چار رکنی کمیٹی ملکاجگری ، میڑچل ضلع کے دیورا یمجال علاقہ میں سابق وزیر ای راجندر کی جانب سے انڈومنٹ اراضی پر ناجائز قبضہ کی جانچ کر رہی ہے۔ عہدیداروں کی ٹیم نے تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے علاقہ کا دورہ کیا۔ آئی اے ایس عہدیدار مسلسل چار دنوں سے سیتارام سوامی مندر کی اراضی کا معائنہ کر رہے ہیں۔ حکومت نے کمشنر پنچایت راج رگھونندن راؤ کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ انڈومنٹ کی اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کا عہدیداروں نے جائزہ لیا اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق اراضی کے موقع جاننے کی کوشش کی ۔ 8 منڈل عہدیداروں کے ذریعہ اراضی کا سروے کیا گیا ۔ کمیٹی کے ارکان کا ماننا ہے کہ انڈومنٹ اراضی پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے ۔ سروے نمبر 91 کے تحت 1525 ایکر اراضی موجود ہے۔ تحقیقاتی عہدیداروں نے کہا کہ سروے کی تکمیل کے بعد ناجائز قبضوں کی حقیقی صورتحال کا پتہ چلے گا اور ناجائز قبضوں کے تحت موجود اراضی کا علم ہوگا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اراضی پر 160 سے زائد عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں۔ مقامی افراد نے تحقیقاتی ٹیم سے خواہش کی کہ قابضین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ مندر کاکتیہ حکمرانوں کے دور میں تعمیر کی گئی تھی اور 1925 ء میں نظام حیدرآباد نے مندر کو زمین الاٹ کی تھی۔ مقامی افراد نے شکایت کی کہ دلتوں سے جبراً اراضی حاصل کی گئی ہے ۔