انجینئرنگ میں 73.26 فیصد اور اگریکلچر و فارمیسی میں 87.82 فیصد امیدوار کوالیفائی ۔ ریونت ریڈی نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ایپسٹ 2025 کے نتائج جاری کئے۔ انجینئرنگ، اگریکلچر اور فارمیسی کامن انٹرنس ٹسٹ میں انجینئرنگ کا نتیجہ 73.26 فیصد رہا جبکہ اگریکلچر اور فارمیسی کا نتیجہ 87.82 فیصد درج کیا گیا۔ انجینئرنگ اسٹریم میں جملہ 2,20,326 امیدواروں نے رجسٹرڈ کروایا تھا جبکہ 2,07,190 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ 1,51,779 امیدوار کوالیفائی قرار پائے۔ اگریکلچر اور فارمیسی اسٹریم میں 86,762 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا جبکہ 81,198 نے امتحان میں شرکت کی۔ 71,309 امیدوار کوالیفائی قرار پائے۔ انجینئرنگ میں خاتون امیدواروں کا نتیجہ 73.88 فیصد درج کیا گیا جبکہ مرد امیدواروں کا نتیجہ 72.79 فیصد رہا۔ انجینئرنگ اینڈ فارمیسی میں خاتون امیدواروں کا نتیجہ 88.32 فیصد رہا جبکہ مرد امیدواروں کا نتیجہ 86.29 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دونوں اسٹریم میں خاتون امیدواروں کا مظاہرہ مرد امیدواروں سے بہتر رہا۔ انجینئرنگ اسٹریم میں آندھرا پردیش کے پاروتی پورم سے تعلق رکھنے والے پی بھرت چندرا 150.05 نشانات کے ساتھ پہلا رینک حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ شیر لنگم پلی ضلع رنگاریڈی کے یو رام چرن ریڈی کو دوسرا جبکہ وجئے نگرم آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے پی وینکٹ جگن موہن راؤ کو تیسرا رینک حاصل ہوا۔ اگریکلچرل اینڈ فارمیسی اسٹریم میں میڑچل حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پی ساکت ریڈی نے ریاست میں پہلا رینک حاصل کیا۔ کریم نگر کے وی ایس للت کو دوسرا اور ورنگل کے سی ایچ اکشت کو تیسرا رینک حاصل ہوا۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے دونوں اسٹریم میں ٹاپ 10 رینک حاصل کرنے والوں کی فہرست جاری کی ہے۔ انجینئرنگ اسٹریم میں بی سی ای زمرہ کے تحت جملہ 12,614 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا تھا جبکہ 12,063 نے امتحان میں حصہ لیا۔ 7541 امیدوار کوالیفائی ہوئے جو مجموعی طور پر 62.51 فیصد ہوتے ہیں۔ اگریکلچر اینڈ فارمیسی اسٹریم میں بی سی ای امیدواروں کا نتیجہ 83.02 فیصد رہا۔ 10,512 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی اور 8727 امیدوار کوالیفائی رہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دونوں اسٹریم کے کوالیفائی امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن پروفیسر وی بالاکرشنا ریڈی، کنوینر ایپسٹ پروفیسر ٹی کشن کمار ریڈی، ڈاکٹر بی ڈین کمار اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ 1