ایڈیشنل کلکٹرگریما اگروال کاپرائمری ہیلتھ سنٹرکا اچانک معائنہ

   

سدی پیٹ 2 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایڈیشنل کلکٹر گریما اگروال نے توگٹ پرائمری ہیلتھ سنٹر کا اچانک معائنہ کیا۔ سب سے پہلے انہوں نے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے زیر علاج مریضوں سے دستیاب طبی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ ادویات کی فراہمی والے کمرے کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ برسات کے موسم میں ایمرجنسی کے وقت کام آنے والی تمام اقسام کی ادویات دستیاب رہنی چاہئیں، بالخصوص ORS اور زنک ٹیبلٹس ہر حال میں موجود ہوں۔ انہوں نے ویکسین روم کا بھی معائنہ کیا اور ILR میں رکھی گئی ویکسینز کی جانچ کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام بچوں کو 100 فیصد ویکسین دی جائے۔ لیب کا بھی معائنہ کیا گیا اور ریکارڈز کی تصدیق کی گئی۔ انہوں نے میڈیکل اسٹاف کو ہدایت دی کہ اسکولوں اور ہاسٹلوں میں زیر تعلیم طلبہ کو ذاتی اور ماحول کی صفائی سے متعلق شعور دیا جائے۔ ہاسٹل کے کچن میں بچوں کو مہیا کیے جانے والے کھانے کا بھی جائزہ لیا جائے کہ آیا وہ طے شدہ معیارات کے مطابق ہیں یا نہیں۔ اس دورے میں ڈاکٹر نارائن راؤ (ڈپٹی DMHO)، ڈاکٹر ریوتی (ڈپٹی DMHO)، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رادھاکشن، CHO سواروپا، HE ستیہ نارائن اور دیگر میڈیکل اسٹاف موجود تھا۔