ایک اور اقامتی اسکول کے 27 طلبا کورونا متاثر

   

سنگاریڈی ضلع کے دیگراقامتی اسکولس میں بھی معائنوں کا فیصلہ
حیدرآباد۔2۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاست کے ایک اور رہائشی اسکول میں 27 طلبہ کورونا کی توثیق کے بعد انہیں قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ضلع سنگاریڈی کے اندریشم میں واقع مہاتما جیوتی باپھولے اقامتی اسکول میں زیر تعلیم طلبہ میں کورونا علامات پر ان کے معائنہ کا فیصلہ کیا گیا اور معائنہ کے دوران 27طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ۔ طلبہ کو کورونا کی توثیق کے بعد محکمہ صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام طلبہ کے معائنوں کو یقینی بنایا جائے۔ 28 نومبر کو ضلع سنگاریڈی کے موضع متنگی میں 47طلبہ اور ایک ٹیچر کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی تھی اور اسکول کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ اسکول انتظامیہ کا کہناہے کہ اندریشم اسکول کو فوری بند کرنے کوئی احکام سوسائیٹی سے نہیں ملے ہیں لیکن توقع ہے کہ تمام طلبہ اور عملہ کے معائنوں کے بعد اسکول میں صفائی کی تکمیل تک اسکول کو بند کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ ضلع سنگاریڈی کے دو اقامتی اسکولوں میں طلبہ کے وائرس کا شکار ہونے کے بعد ضلع کے تمام اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور عملہ کے کورونا وائرس معائنوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے درمیان مراسلت جاری ہے۔ مہاتما جیوتی راؤ پھولے اقامتی اسکول اندریشم سنگاریڈی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو کورنا وائرس کے بعد والدین اور سرپرستوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔