حیدرآباد۔31اکٹوبر(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں ’ایک شام چارمینار کے نام‘ کے انعقاد کیلئے ٹھیلہ بنڈی و فٹ پاتھ تاجرین کو ہٹانے سے گریز کیا گیا اور انہیں سلیقہ سے ایک قطار میں کاروبار کی اجازت دے کر نقصان سے بچایا گیا ۔ تاجرین نے محکمہ بلدی نظم و نسق اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو کاروبار کو متاثر ہونے سے بچاتے ہوئے تفریحی پروگرام منعقد کئے گئے جس کے سبب سینکڑوں فٹ پاتھ تاجرین کی تجارت متاثر ہونے سے محفوظ رہی۔ تاجرین نے بتایا کہ گذشتہ مرتبہ جو پروگرام منعقد کئے گئے تھے اس وقت ٹھیلہ بنڈیوں اور تجارتوں کو چارمینار کے دامن سے ہٹا دیا گیا تھا جس سے انہیں نقصان ہوا تھا ۔ بلدی نظم و نسق و جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ’ ایک شام چارمینار کے نام‘ کے دوران کئے گئے اقدامات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے اور چارمینار ایک تاریخی ورثہ ہے اور اس سلسلہ میں عدالت میں داخل کی گئی ایک درخواست کو نظر میں رکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تفریحی پروگرامس کے انعقاد کی کوشش کی جارہی ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ان تفریحی پروگرامس کے دوران چھوٹے تاجرین اور فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کو سلیقہ سے ایک قطار میں کاروبار کی اجازت بھی فراہم کی گئی ہے۔جی ایچ ایم سی عہدیدار پولیس عہدیداروں کے ہمراہ دن بھر تاجرین کو قطار میں کاروبار کو یقینی بنانے کی تاکید کررہے تھے۔
