ایک شخص زندہ بچ گیا : پولیس کا دعویٰ

   

احمد آباد : /12 جون (ایجنسیز) موت کا وقت متعین ہے ، احمد آباد طیارہ حادثہ میں ایک مسافر کے زندہ بچ جانے کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ 242 افر اد میں سے ایک شخص زندہ بچ گیا جس کی حالت بہتر بتائی گئی ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ جمعرات کو احمد آباد ایرپورٹ کے قریب گرکر تباہ ہونے والی ایرانڈیا کی پرواز میں سوار 242 مسافروں اور عملہ میں سے ایک واحد شخص زندہ بچ گیا ۔ تاہم کچھ مزید لوگوں کے زندہ بچ جانے کی امید ظاہر کی جارہی ہے ۔

زندہ بچ جانے والے واحد مسافر نے تفصیل سنائی
ایک انجینئرکے خاندان کا لندن کا خواب بھی بکھیر گیا
احمد آباد۔12؍جون ( ایجنسیز ) احمد آباد سے لندن جانے والے جہاز کے حادثے میں ایک شخص زندہ بچ گیا ہے جب کہ جہاز پر حادثے کے وقت 242 افراد سوار تھے۔ میڈیا کے مطابق گجرات کے محکمہ صحت کے ایک آفیسر نے جمعرات کی شام مسافر کے زندہ بچ جانے کی تصدیق کی ہے۔گجرات کے محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری دھانجے دیویدی نے کہا کہ ’جی ہاں! ایک شخص کے زندہ بچ جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ زخمی مسافر کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ مقامی میڈیا نے بھی حادثے میں ایک مسافر کے زندہ بچنے کی خبریں شائع کی ہیں۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گجرات کے سیول ہاسپٹل کے جنرل وارڈ کے ایک بستر پر زیر علاج 40 سالہ وشواش کمار رامیش کا کہنا ہے کہ وہ اس تباہ کن حادثے میں زندہ بچ گئے ہیں۔وشواش کمار جنہیں آنکھوں، سینے اور پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جہاز کے اڑان بھرنے کے 30 سیکنڈز بعد ایک ہولناک آواز سنائی دی اور پھر جہاز زمیں بوس ہو گیا۔ یہ سب محض چند لمحوں میں ہوا۔وشواش کمار رامیش برطانوی شہریت کے حامل ہیں اور وہ ہندوستان میں اپنے عزیزوں سے ملنے آئے تھے۔وہ ہندوستان میں کچھ دن گزارنے کے بعد اپنے بھائی اجے کمار رامیش کے ساتھ واپس برطانیہ جا رہے تھے۔اسی طرح پراتک جوشی ایک تجربہ کار سافٹ وئیر انجینئر تھا جو گذشتہ 6برسوں سے لندن میں مقیم رہ کر تابناک مستقل کیلئے جدوجہد کررہا تھا تاکہ اپنی بیوی اور تین بچوں کو اپنے ساتھ لیجا سکے۔ طویل کوششوں کے بعد اس کا خواب حقیقت میں تبدیل ہونے والا تھا۔پانچ افراد پر مشتمل یہ خاندان لندن کے سفر پر روانہ ہوا لیکن سفر مکمل نہ ہوسکا۔