ایک ماہ طویل ایس ایس سی امتحان ،ٹائم ٹیبل موضوع بحث

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ فبروری ( سیاست نیوز ) طلبہ میں دباؤ ، اندیشوں اور پریشانی کو کم کرنے کیلئے پہلی مرتبہ متعارف کئے گئے ایس ایس سی امتحانات کے درمیان وقفے طلبہ کیلئے مضرت رساں ہوسکتے ہیں ۔ ریاستی حکومت نے حال میں کلاس X امتحانات کا ٹائم ٹیبل جاری کیا جو 14 مارچ تا 16 اپریل ایک ماہ سے زیادہ وقت کا ہے ۔ یہ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن ( سی بی ایس ای ) کے کلاس X ٹائم ٹیبل کے خطوط پر کیا گیا ہے جو مضامین کے درمیان مختصر وقفے دیتا ہے ۔ گزشتہ برسوں کے برعکس جب امتحانات تقریباً دس دن میں مکمل ہوجاتے تھے ۔ اس سال کے ایس ایس سی کے ٹائم ٹیبل میں امتحانات کے درمیان تین تا پانچ دن کا وقفہ فراہم کیا گیا ہے ۔ اہم مضامین جیسے انگلش ، میاتھیمیٹکس ، فزیکل سائنس اور بائیولوجیکل سائنس کے پرچوں کے درمیان چار دن کا وقفہ ہوگا ۔ نیز 13 اپریل کو سوشیل اسٹیڈیز کے امتحان سے قبل پانچ دن کا وقفہ ہے ۔ اسکول ٹیچرس نے جن سے حکومت نے اس شیڈول کے تعلق سے مشورہ نہیں کیا ، اس اقدام پر سخت اعتراض کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے درمیان طویل وقفہ سے طلبہ تعلیم پر توجہ نہیں دے پائیں گے ۔ گورنمنٹ اسکول کے ایک اسکول اسسٹنٹ نے کہا کہ عمر کے لحاظ سے طلبہ اس طرح کے وقفہ کے دوران موبائیل فونس ، ٹیلی ویژن دیکھنے اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف ہوںگے ۔ چونکہ اس شیڈول پر اسکولس اور ٹیچرس نے سخت اعتراض کیا ہے اس لئے ریاستی حکومت اب ایسا معلوم ہوتا ہیکہ اس پر قابو پانے کے موڈ میں ہے ، چنانچہ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے امتحانات کے درمیان ہونے والے وقفہ کے دوران طلبہ کو مصروف رکھنے ایک ایکشن پلان بنایا ہے ۔ A