ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے حکومت کا منصوبہ : سریدھر بابو

   

خواتین کو پٹرول پمپس اور سولار جنریشن پلانٹ کا الاٹمنٹ، شادنگر میں تقریب سے خطاب

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے آج رنگاریڈی ضلع کے شادنگر میں مہیلا شکتی جشن تقاریب میں حصہ لیا اور خواتین کی مختلف اسکیمات کا آغاز کیا۔ رکن اسمبلی شاد نگر وی شنکر، ضلع کلکٹر نارائن ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت خواتین کی عزت نفس اور اُن کے وقار میں اضافہ کو ترجیح دیتی ہے۔ خواتین کی بھلائی اور معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کے لئے اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اندرا مہیلا شکتی تقاریب کا مقصد سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ خواتین کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ آئندہ 5 برسوں میں حکومت ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سریدھر بابو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں جو فلاحی اسکیمات میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس پارٹی انتخابی وعدوں کی تکمیل کے عہد کی پابند ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے 4.5 لاکھ اندراماں مکانات منظور کئے ہیں اور ہر اسمبلی حلقہ کے لے 3500 مکانات منظور کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت روزانہ 14 لاکھ خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کررہی ہیں۔ آر ٹی سی کی 150 بسیں خواتین کو لیز پر دی گئی ہیں اور سیلف ہیلپ گروپس کو 1000 بسیں الاٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں خواتین کو 1000 سولار پاور پراجکٹس الاٹ کئے جائیں گے۔ 31 اضلاع میں خواتین کو پٹرول پمپس الاٹ کئے گئے۔ 22 اضلاع میں اندرا مہیلا شکتی بھونس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ سریدھر بابو کے مطابق سیلف ہیلپ گروپس کی رکنیت 2028ء تک ایک کروڑ تک پہونچ جائے گی۔ اُنھوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اُن کی بھلائی میں مشغول حکومت کی تائید و حمایت کریں۔تلنگانہ حکومت ہر سطح پر خواتین کی ترقی اور ان کیلئے بہتر اسکیمات شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 1