ایکٹیوا گاڑی پر ایک ہی رہزن کی کارستانی، پولیس ملزم کی تلاش میں مصروف
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد اور سائبر آباد کمشنریٹ پھر ایک مرتبہ طلائی چین کی رہزنی کی بیک وقت 6 وارداتوں کے بعد سرخیوں میں آچکا ہے کیونکہ آج ایک ہی دن میں ایک موٹر سیکل سوار رہزن ماریڈ پلی، تکا رام گیٹ، پیٹ بشیرآباد، بوڈ اوپل علاقوں میں خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے گلے سے طلائی چین اڑا کر فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ماریڈ پلی سنجیویا نگر سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ وجیہ اپنی بیٹی کے ہمراہ اے او سی سنٹر سکندرآباد کے ایک دواخانہ میں طبی معائنہ کے بعد آج 12:30 بجے دن مکان واپس لوٹ رہی تھی کہ اندرا پوری ریلوے کالونی کے قریب ایکٹیوا پر سوار ایک نامعلوم رہزن نے وجیہ کے گلے سے اچانک 5 تولے کی طلائی چین اڑا لیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ اسی طرح اس رہزن نے ایک اور شخص 65 سالہ رام بابو کو نندا نگر کے پاس نشانہ بناتے ہوئے اس کے گلے سے 2 تولہ کی طلائی چین اُڑالیا۔ اسی طرح نامعلوم موٹر سیکل سوار رہزن نے رہزنی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بھاگیہ لکشمی نگر کی ساکن اوما رانی جو اپنے مکان کے پاس کسی کا انتظار کررہی تھی کہ موٹر سیکل سوار رہزن نے اس کے گلے سے طلائی چین چھیننے کی کوشش کی لیکن اوما رانی نے چیخ و پکار کرتے ہوئے اسے ناکام بنادیا۔ وہاں سے کچھ ہی فاصلے پر اس رہزن نے راگھویندرا کالونی میں انورادھا نامی خاتون جو ترکاری خرید رہی تھی کو نشانہ بناتے ہوئے اس کے گلے سے دو تولہ کی طلائی چین چھین کر فرار ہوگیا جبکہ سری رام نگر کے وینکٹیشور مندر کی سمت راہ چلتی خاتون ورا لکشمی کو نشانہ بناتے ہوئے اس کے گلے سے 4 تولہ طلائی چین اُڑا کر رہزن وہاں سے فرار ہوگیا۔ رہزن نے یہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 50 سالہ کے انجماں جو اپنے مکان واقع لکشمی نگر کالونی میں آج شام 4:30 بجے چہل قدمی کررہی تھی کہ ایکٹیوا پر سوار رہزن نے اس خاتون کو نشانہ بناتے ہوئے اس کے گلے سے طلائی چین اڑا لیا اور فرار ہوگیا۔ سلسلہ وار رہزنی کی وارداتوں کے بعد حیدرآباد و سائبر آباد پولیس اچانک پریشان ہوگئی اور کمشنر ٹاسک فورس کے علاوہ اسپیشل آپریشن ٹیم کے خصوصی دستوں کو اس رہزن کی گرفتاری کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔ اسی دوران ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جس میں صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایک ہی رہزن نے یہ وارداتیں انجام دی ہے جس نے ایکٹیوا گاڑی کا استعمال کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رہزن ایکٹیوا گاڑی پر سوار ہے اور وہ جیاکٹ اور کیاپ پہنے ہوئے اس کے علاوہ چہرہ پر ماسک لگایا ہوا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس نے گاڑی کو فرضی نمبر پلیٹ لگایا ہوگا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ب