حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل کے پاس جہاں پی وی این آر ایکسپریس شروع ہوتا ہے یہاں چند افراد کو کاروں کے رکنے کا انتظار کرنا ہر وقت دیکھا جاسکتا ہے حالانکہ پولیس نے انہیں خبردار کیا ہے کہ اس طرح تیز رفتار راستہ پر کھڑے ہو کر کاروں کو روکنے اور ان میں سوار ہونے کی کوشش ہمیشہ حادثات کے خطرات اور خدشات کو بڑھاتی ہے جو کہ جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے ۔ لیکن دوسری جانب عوام کا مطالبہ ہے کہ سروجنی نائیڈو آئی ہاسپٹل ، مہدی پٹنم سے آرام گڑھ تک کا سفر آسان ہوجاتا ہے اور یہ لوگ کاروں میں مفت سفر نہیں کرتے بلکہ کیب ڈرائیور کو فی مسافر 30 روپئے ادا کرتے ہیں ۔ اس راستے سے روزانہ آرام گڑھ جانے والے مسافر نے میڈیا نمائندے سے کہا کہ کار کو 30 روپئے ادا کرتے ہوئے منزل مقصود تک پہنچانا صرف چند منٹ کا سفر ہوتا ہے جب کہ روایتی راستے سے یہی سفر دیڑھ گھنٹہ سے بھی زیادہ ہوتا ہے ۔ یہاں موجود دیگر افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے اگر اس فلائی اوور پر آر ٹی سی بسوں کے داخلے کی اجازت دی جائے تو نہ صرف عوام کی مشکلات کم ہوجائیں گی بلکہ ٹرافک جام کا مسئلہ بھی ختم ہوسکتا ہے ۔۔
