ایکناتھ شنڈے کانگریس میں شامل ہونا چاہتے تھے ۔ سنجے راوت کا دعوی

   

ممبئی : شیوسینا ( ادھو ٹھاکرے ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے آج ادعا کیا کہ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اور شیوسینا لیڈر ایکناتھ شنڈے ماضی میں کانگریس میں شامل ہونا چاہتے تھے ۔ حالانکہ مسٹر راوت نے وہ سال یا مہینہ نہیں بتایا جب شنڈے کانگریس میں شامل ہونا چاہتے تھے تاہم انہوں نے اس سلسلہ میں مرحوم کانگریس لیڈر احمد پٹیل کا حوالہ دیا ۔ شنڈے نے جون 2022 میں شیوسینا میں پھوٹ ڈالتے ہوئے علیحدہ گروپ قائم کرلیا تھا ۔ سنجے راوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کیا چل رہا تھا ۔ اب احمد پٹیل نہیں رہے اس لئے اب وہ کچھ کہنا نہیں چاہتے کیونکہ احمد پٹیل اب اس کی تصدیق کرنے کیلئے موجود نہیں ہیں ۔ احمد پٹیل کا نومبر 2020 میں انتقال ہوگیا تھا ۔ مزید استفسار پر مسٹر راوت نے کہا کہ اس سلسلہ میں سینئر کانگریس لیڈر و سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چاوان سے سوال کیا جاسکتا ہے ۔ جب مسٹر چاوان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ۔ مسٹر شنڈے بھی فوری اپنا رد عمل ظاہر کرنے دستیاب نہیں ہوئے ۔