اے آئی سمٹ میں یوتھ کانگریس احتجاج کی مذمت : کے ٹی آر

   

عالمی پلیٹ فارم پر سیاست سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا دعویٰ
حیدرآباد 21 فبروری (سیاست نیوز) بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے دہلی میں انڈیا اے آئی سمٹ کے دوران یوتھ کانگریس کے احتجاج پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے عالمی پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے تعبیر کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی کانفرنسیں ملک کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ ایسے میں سیاسی مظاہرے کرنا ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے فطری بات ہے لیکن احتجاج کیلئے وقت اور مقام کا تعین ذمہ داری سے ہونا چاہئے۔ عالمی سربراہ اجلاس سیاسی احتجاج کیلئے موزوں پلیٹ فارم نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے اس بات کو حیران کن قرار دیا کہ یوتھ کانگریس قائدین جس وقت احتجاج کررہے تھے، جب اسی پلیٹ فارم سے چیف منسٹر ریونت ریڈی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی مقام پر پیش آنے والے واقعات نے کانگریس کے اندرونی تضاد کو اجاگر کیا ہے۔ ایک طرف پارٹی کے بعض حلقے AI سمٹ کی مخالفت کررہے تھے تو دوسری جانب چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نہ صرف عالمی سمٹ میں شرکت کی بلکہ مرکزی حکومت کے بعض اقدامات کی تعریف کی۔ اس تناظر میں کے ٹی آر نے راہول گاندھی کے موقف اور ریاستی قیادت کے بیانات میں فرق پرسوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے AI کے باعث روزگار میں ممکنہ کمی سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ بعض شعبوں میں ملازمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم نئی ٹکنالوجی کے ذریعہ زیادہ وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مرکز اور ریاستوں کے تال میل سے ایک ’اے آئی وار روم‘ قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی تاکہ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی پیشرفت پر نظر رکھی جاسکے۔2