ایس سی، ایس ٹی اور معذورین کی بہبود سے متعلق فائلوں پر پہلی دستخط
حیدرآباد ۔ 21 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیراقلیتی ایس سی، ایس ٹی اور معذورین بہبود اے لکشمن نے آج سکریٹریٹ میں اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک، ریاستی وزراء سریدھر بابو، ٹی ناگیشور راؤ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کے علاوہ صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، صدرنشین حج کمیٹی مولانا خسرو پاشاہ افضل بیابانی، صدر ٹمریز فہیم قریشی، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان کے علاوہ دیگر قائدین اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ اے لکشمن نے وزارت کی ذمہ داری قبول کرتے ہی معذورین کو خودروزگار فراہم کرنے کیلئے 5 کروڑ روپئے منظور کیا۔ معذورین کے خودمکتفی اداروں کیلئے 3.55 کروڑ روپئے ریوالوینگ فنڈ کی اجرائی کیلئے منظوری دی۔ امبیڈکر اوورسیز ودیاندھی ایس سی استفادہ کنندگان کی تعداد کو 210 سے بڑھا کر 500 کردیا۔ قبائلی تعلیمی اداروں کی مرمت کیلئے 79.61 کروڑ قبائلی منی گروکل کیلئے 17.18 کروڑ روپئے، میڈارم جاترا کے ماباقی کاموں کیلئے 44.5 کروڑ روپئے جاری کرنے سے متعلق فائلوں پر پہلی دستخط کئے۔ بعدازاں وزیر اے لکشمن نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت ایس سی، ایس ٹی، مائناریٹی اور معذورین کی فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ انہیں جن وزارتوں کے قلمدان دیئے گئے ہیں ان طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔ تمام زیرالتواء کاموں میں تیزی پیدا کریں گے۔ تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کریں گے۔2