حیدرآباد: سائبر آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) نے گزشتہ ماہ علاقہ کوکٹ پلی میں رہزنی کی واردات اور اس میں ہلاک ہونے والے خانگی سیکوریٹی گارڈ کے قتل کے سلسلہ میں دو خاطیوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے اس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 29 اپریل کو علاقہ کوکٹ پلی میں دو نامعلوم رہزنوں نے ایچ ڈی ایف سی اے ٹی ایم میں نقد رقم نصب کرنے کے دوران خانگی سیکوریٹی ایجنسی کے ملازمین پر فائرنگ کردی تھی جس میں ایک خانگی سیکوریٹی گارڈ مرزا سبحان علی بیگ ہلاک ہوگئے تھے۔ مسٹر سجنار نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث 23 سالہ اجیت کمار اور اس کے ساتھی 21 سالہ مکیش کمار جن کا تعلق سمستھی پور بہار سے، گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ اجیت کمار سابق میں علاقہ ڈونڈیگل نقد رقم منتقل کرنے والے خانگی سیکوریٹی ایجنسی کے ملازم پر حملہ کر کے اسے لوٹ لینے کی کوشش کی تھی اور ڈونڈیگل پولیس نے سال 2018 ء میں گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا تھا ۔ جیل سے رہائی کے بعد وہ اپنے آبائی مقام چلا گیا تھا اور فروری 2020 ء میں وہ دوبارہ حیدرآباد واپس لوٹ آیا اور اپنے دوست کے ہمراہ ڈونڈیگل علاقہ میں ملازمت کرنے لگا۔ اجیت کمار نے خانگی سیکوریٹی ایجنسی جو نقد رقومات منتقل کرتی ہے ، وہ نشانہ بنانے کیلئے اپنے ایک دوست مکیش سے 30 ہزار روپئے میں دیسی ساختہ پستول حاصل کیا اور اپنے ساتھ رکھا تھا ۔ 16 اپریل کو مکیش اور اجیت نے قطب اللہ پور علاقہ میں ایک دکان کے مالک کو دھمکاتے ہوئے اس کے پاس سے نقد رقم اور قیمتی ایپل موبائیل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اسی طرح کوکٹ پلی میں بھی نقد رقم منتقل کرنے والی ایجنسی کو بھی نشانہ بنایا تھا اور خانگی سیکوریٹی سبحان علی بیگ پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجہ میں وہ فوت ہوگئے۔ پولیس نے رہزنوں کے قبضہ سے 6 لاکھ 31 ہزار نقد رقم اور دیسی ساختہ پستول کے علاوہ دیگر اشیاء بھی ضبط کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔