حیدرآباد 7 نومبر ( ایجنسیز) ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی کا اعلان کر دیا گیا ، جس کے ساتھ ہی ٹرمپ دوسری مرتبہ صدارتی عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔ ریپبلکن پارٹی سے نائب صدر کی حیثیت سے جے ڈی وینس کو منتخب کیا گیا ۔ ٹرمپ نے نائب صدر کے امیدوار سینیٹر جے ڈی وینس کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ ٹرمپ نے کہا کہ سب سے پہلے میں جے ڈی وینس کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ اب میں نائب صدر منتخب جے ڈی وینس کہہ سکتا ہوں۔ اسی طرح جے ڈی وینس کی اہلیہ اوشا کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ٹرمپ نے جے ڈی وینس کی تعریف میں کہا کہ وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے۔ جے ڈی وینس کی اہلیہ اوشا کا تعلق تلگو خاندان سے ہے۔ اوشا چلکور آندھرا پردیش کرشنا ضلع کے اْیورو سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والدین ہندوستان سے امریکہ جا کر مقیم ہو گئے تھے۔ اوشا چلکور کی پیدائش اور پرورش کیلی فورنیا میں ہوئی۔ اوشا اور جے ڈی وینس نے پہلی بار ییل یونیورسٹی میں ملاقات کی اور 2014 میں ان کی شادی ہوئی۔ ان کے تین بچے ہیں۔ وینس 2022 میں پہلی بار امریکی سینیٹ کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔