حیدرآباد۔ 18مارچ (یو این آئی) اے پی حکومت کو دھکہ پہنچاتے ہوئے سپریم کورٹ نے واضح کردیا ہے کہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات کو ملتوی کرنے کے سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے لیا گیا فیصلہ حتمی ہے ۔ریاستی حکومت ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات ملتوی کرنے الیکشن کمشنر کے فیصلہ کے خلاف عدالت عظمی سے رجوع ہوئی تھی۔الیکشن کمشنر نے کرونا وائرس کے پیش نظر ان انتخابات کو ملتوی کرنے کے احکام جاری کئے تھے ۔حکومت کی جانب سے الیکشن کمشنر کے احکام کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کردہ عرضی کی سماعت آج ہوئی۔چیف جسٹس ایس اے بوبڈے ،جسٹس بی آرگوائی،جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل بنچ نے اس عرضی کی سماعت کرتے ہوئے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے التوا کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ساتھ ہی بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ انتخابات کب منعقد کئے جائیں اس بات کا فیصلہ کرنے کا مجاز الیکشن کمیشن ہے ۔عدالت نے تاحکم ثانی انتخابی ضابطہ اخلاق کو ختم کرنے کی ہدایت دی۔اے پی حکومت نے ریاستی الیکشن کمشنر کے اس فیصلہ کو یکطرفہ قراردیتے ہوئے اس فیصلہ کو منسوخ کرنے کی ہدایت دینے کی خواہش کی تھی۔اس سلسلہ میں منگل کو ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے کیوٹ عرضی داخل کی گئی تھی۔