جگن حکومت نے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 62 سال کردی
حیدرآباد۔7۔ جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش کی جگن موہن ریڈی حکومت نے سرکاری ملازمین کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے آخرکار پی آر سی کا اعلان کردیا ۔ گزشتہ کئی ماہ سے حکومت اور ملازمین کی تنظیموں کے درمیان پی آر سی سفارشات پر مذاکرات جاری تھے لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا تھا ۔ جگن حکومت نے درمیانی راستہ نکالتے ہوئے 23.29 فیصد اضافہ کا اعلان کیا ۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو 60 سے بڑھاکر 62 سال کرنے احکام جاری کئے ۔ تنخواہوں میں 23.29 فیصد اضافہ پر یکم جنوری 2022 ء سے عمل ہوگا۔ ڈی اے بقایہ جات جنوری سے ادا کئے جائیں گے ۔ حکومت نے اپریل 2020 سے پی آر سی پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔ 30 جون سے قبل کے عارضی ملازمین کے سلسلہ میں حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے ۔ ملازمین کی تنظیموں نے تنخواہوں میں اضافہ اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ کا خیرمقدم کیا ۔ ملازمین کے صدر وینکٹ رام ریڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ بہتر پی آر سی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 جنوری کو ملازمین کے دیگر 71 مطالبات پر عہدیداروں اور ملازمین کی تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ دو دن قبل چیف منسٹر نے ملازمین کی تنظیموں سے بات کی تھی لیکن پی آر سی کے مسئلہ پر تعطل برقرار رہا ۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کی جانب سے احتجاج کی دھمکی کے بعد پی آر سی کا اعلان کردیا ہے۔ ر