اے پی میں آر ٹی سی ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ

   

۔58 کی بجائے 60 سال عمر میں سبکدوشی ۔ دسہرہ سے قبل جگن حکومت کا ملازمین کو تحفہ
حیدرآباد 28 ستمبر ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی کی حکومت نے آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کو دسہرہ تہوار کے ضمن خوشخبری دیتے ہوئے سرکاری ملازمین کے خطوط پر ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو 58 سے بڑھاکر 60 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایات بھی دی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ اس سلسلہ میں 30 ستمبر کو احکامات جاری ہونے کی توقع ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین سبکدوشی کی عمر بڑھانے سے متعلق وائی ایس آر آر ٹی سی مزدور یونین نے چیف منسٹر سے متعدد مرتبہ نمائندگی پر جگن موہن ریڈی نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے سے متعلق حصول رپورٹ سے قبل ہی ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی حد عمر کو 60 سال کرنے کی عہدیداروں کو ہدایات دینے کی اطلاعات ہیں ۔ وظیفہ کی حد عمر میں اضافہ جاریہ سال یکم ستمبر سے ہی عمل میں لایا جائے گا ۔ وظیفہ کی عمر میں اضافہ کی صورت میں فی الوقت زائد از 550 ملازمین کو فائدہ ہوگا ۔ اسی دوران آر ٹی سی مزدور یونین صدر اے راجہ ریڈی کارگزار صدر سی چندریا ، نائب صدر ڈی ایس سی راؤ ، جنرل سکریٹری ٹی ایس ایس پرساد نے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر نانی سے ملاقات کی اور آر ٹی سی کے مہلوک ملازمین کے کسی فرد خاندان کو ملازمت فراہم کرنے کے اقدامات پر اظہار تشکر کیا ۔ اے پی ایس آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے معاہدات کی روشنی میں جاریہ ماہ 30 ستمبر کو پے ریویژن کمیشن کے بقایا جات 40 فیصد بقایہ جات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا مزدور یونین کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا اور یکم اپریل 2017 سے پے ریویژن کمیشن پر نظر ثانی کرنے کی حکومت سے پر زور اپیل کی ۔ علاوہ ازیں سال 2013 کے پے رویژن کمیشن کے نظر ثانی شدہ زیر التواء رکھے گئے بقایا جات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنانے کا حکومت سے ان قائدین نے پر زور مطالبہ کیا ۔