حیدرآباد : ریاست میں پنچایت انتخابات کے مسئلہ پر آندھراپردیش حکومت کے ساتھ جاری قانونی لڑائی کے درمیان ریاستی الیکشن کمشنر نماگڈہ رمیش کمار نے ان انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔کئی ہفتوں کے تجسس کے بعد کمیشن نے یہ اعلامیہ جاری کیا ہے ۔انہوں نے اس خصوص میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پہلے مرحلہ کے انتخابات 5فروری کو ہوں گے ۔پرچہ نامزدگیاں 25جنوری سے قبول کی جائیں گی اور 27جنوری پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ 28 جنوری کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ ہوگی اور 31 جنوری نام سے دستبرداری کی آخری تاریخ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 17فروری کو نتائج کااعلان کردیا جائے گا۔پہلے مرحلہ کے انتخابات سے وجیانگرم اور پرکاشم اضلاع کو مستثنیٰ قرار دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں یہ انتخابات ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ رائے دہی کے اوقات 6.30بجے صبح تا3.30بجے سہ پہر ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں صبح 7 تا ایک بجے تک رائے دہی کروانے کا اعلان کیاگیا تھا تاہم اب رائے دہی کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کمیشن سپریم کورٹ کے احکام کا پابند رہے گا۔انہوں نے ریاستی گورنر سے آسان اور پُرامن انداز میں انتخابات کے سلسلہ میں تعاون کی خواہش کی۔ساتھ ہی پرساد نے کہاکہ پنچایت راج محکمہ کے غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی والے رویہ کی وجہ سے تقریبا چارلاکھ افراد حق رائے دہی سے محروم ہوگئے ہیں۔اے پی ہائی کورٹ نے ان انتخابات کے لئے ہری جھنڈی دکھادی تھی تاہم ریاستی حکومت اس مسئلہ پر سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی اور ریاست میں جاری کوویڈٹیکہ اندازی مہم کے پیش نظر انتخابات نہ کروانے کی درخواست کی۔