کل جماعتی ارکان پارلیمنٹ کی مدعو،اتم کمار ریڈی کی مساعی، چیف منسٹر کی خصوصی شرکت
حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آندھراپردیش کی جانب سے دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے بنکاچرلہ پراجکٹ کی تعمیر کو روکنے کیلئے سرکاری سطح پر مساعی تیز کردی ہے۔ مرکزی حکومت کو پراجکٹ کی منظوری سے روکنے کے لیے ارکان پارلیمنٹ کے ذریعہ دبائو بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کل 18 جون سہ پہر 4 بجے ریاست کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کل جماعتی اجلاس طلب کیا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجئے کمار کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے جبکہ کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کمار اعزازی مہمان ہوں گے۔ اجلاس میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان کے ذریعہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو مکتوب روانہ کیا جن کا تعلق کانگریس، بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس سے ہے۔ وزیر آبپاشی نے کہا کہ آندھراپردیش کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا بنکا چرلہ پراجکٹ گوداوری واٹر ڈسپیوٹ ٹریبیونل کے فیصلے اور آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی خلاف ورزی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے مرکزی وزیر جل شکتی سے نئی دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے پراجکٹ کے بارے میں تلنگانہ کے اعتراضات سے واقف کرایا تھا۔ چیف منسٹر نے بنکاچرلہ پراجکٹ سے تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پر سی آر پاٹل کو مکتوب روانہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے جنوری میں مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پراجکٹ پر تلنگانہ کے اعتراضات سے واقف کرایا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے ارکان پارلیمنٹ کو مکتوب میں آندھراپردیش حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مرکز کو روانہ کردہ مکتوبات کی نقل روانہ کی گئی۔1
