اے پی کے تین دارالحکومت کی تجویز

   

امراوتی کے 29مواضعات میں بند منایاگیا
حیدرآباد19دسمبر(یواین آئی) آندھراپردیش میں تین دارالحکومت کے شہرقائم کرنے وائی ایس آرکانگریس زیرقیادت جگن موہن ریڈی حکومت کی تجویز کے خلاف جمعرات کو امراوتی علاقہ کے 29مواضعات میں بند منایاگیا۔کسان جنہوں نے دارالحکومت کے شہر امراوتی کی تعمیر کے لئے رضاکارانہ طورپر 33,000ایکڑ اراضیات دی تھیں، دارالحکومت کے علاقہ کے 29مواضعات میں بند منایا۔یہ بند مکمل رہا کیونکہ تمام اسکولس، تجارتی ادارے اور تعلیمی ادارے اس علاقہ میں بند رہے ۔مندارم، تلورو، ویلگاپوڑی، نندی کونڈہ اورگولاپوڑی علاقوں میں کسانوں نے بڑے پیمانے پر دھرنے دیئے ۔احتجاجی کسانوں نے تلورو اور مندارم میں سڑکوں پرراستہ روک دیا جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پر گاڑیاں سڑک کے دونوں طرف پھنس گئیں۔ان کسانوں نے دارالحکومت کو بچاو،امراوتی کو بچاو کے نعروں کے ساتھ پلے کارڈس تھام کر احتجاج کیا اور تین دارالحکومتیں قائم کرنے حکومت کے فیصلہ کے خلاف نعرے بازی کی۔پولیس،سابق وزیر ڈی اوما مہیشورراو کو وہاں سے لے کر چلی گئی جب وہ دھرنا دینے کی کوشش کررہے تھے ۔سڑکوں کو بند کرنے کے بعد آرٹی سی بسیں اور دیگر گاڑیاں سکریٹریٹ سے چند کیلومیٹرکی دوری پر واقع وینکٹاپورم گاوں کے قریب پھنس گئیں جس کے نتیجہ میں ملازمین کو سکریٹریٹ تک پہنچنے کے لئے چند کیلومیٹر پیدل چلنا پڑا۔کسانوں نے تاڑے پلی اور کوراگلو مواضعات میں بھی اسی طرح کا مظاہرہ کیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے احتجاجی کسانوں نے الزام لگایا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ان سے دغابازی کی ہے ،حالانکہ انہوں نے دارالحکومت کے شہر کی تعمیر کیلئے ان کی 33000ایکڑ اراضی دی ہے ۔کسانوں نے تین دارالحکومت کی تجویز کو وزیراعلی کی جانب سے واپس نہ لینے پر احتجاج میں شدت پیداکرنے کا بھی انتباہ دیا۔اسی دوران پولیس نے دفعہ 144نافذ کردی۔