اے پی کے دارالحکومتوں کے خلاف تلگودیشم کی شمع ریالیاں

   

حیدرآباد 25دسمبر(یواین آئی) آندھراپردیش کے تین دارالحکومتوں کی ریاستی حکومت کی تجویزکے خلاف دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کے شدید احتجاج کے درمیان ریاست کی اصل اپوزیشن تلگودیشم نے کسانوں کی حمایت میں مومی شمعوں کی ریلیاں نکالی۔اس ریلی میں سابق وزیر اور تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو کے فرزند نارالوکیش نے حصہ لیا۔ریلی کے شرکا نے اے پی کے دارالحکومت کے طورپر امراوتی کو برقرار رکھنے اور تین دارالحکومتوں کی تجویز کو فوری طورپر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔یہ ریلی کرشنا اور گنٹور اضلاع میں نکالی گئی۔کسانوں نے نئے دارالحکومت کے لئے دی گئی اپنی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کرنے کامطالبہ کیا۔گنٹور ضلع میں تلگودیشم پارٹی کے دفتر سے امبیڈکر کے مجسمہ تک یہ ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے لوکیش نے کہاکہ برسراقتدار آنے کے بعد وزیراعلی جگن نے دارالحکومت پر اپنے موقف کو تبدیل کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کے وزیراعلی چندرابابو نائیڈو نے جب امراوتی کو دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا تو اس کی حمایت جگن نے کی تھی تاہم اب برسراقتدار آنے کے بعد انہوں نے ریاست کے تین دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز پیش کی ہے جو کسی بھی حالت میں کسانوں اور تلگودیشم کو قبول نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس نئی تجویز کے ساتھ آندھرا ریاست کے عوام کے ساتھ جگن ناانصافی کررہے ہیں۔کرشنا ضلع کے میلاورم اور وجئے واڑہ میں بھی تلگودیشم کی جانب سے مومی شمعوں کی ریلی نکالی گئی۔تلگودیشم کے لیڈر بدھا وینکنا کی جانب سے حکومت کی تجویز کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی تاہم پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔