حیدرآباد 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے ڈی اے (مہنگائی بھتہ) کو 33.67 فیصد سے بڑھاکر 37.31 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ فینانس کی جانب سے اِس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے۔ اضافی مہنگائی بھتہ پر عمل آوری کا یکم جنوری 2024ء سے آغاز ہوگا۔ ڈی اے پر نظرثانی کے نتیجہ میں باقاعدہ ملازمین کے ڈی اے میں 3.64 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ریاستی ملازمین کے لئے دیپاولی کے تحفہ کے طور پر یہ اعلان کیا۔ ملازمین کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا۔ یکم نومبر کو اضافی شدہ مہنگائی بھتہ کی پہلی قسط جاری کی جائے گی جس کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ پر ہر ماہ 160 کروڑ کا اضافی بوجھ ہوگا۔ آندھراپردیش حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے لئے ہیلت انشورنس اسکیم کا اعلان کیا۔ ہیلت انشورنس کارڈ اندرون 60 دن جاری کئے جائیں گے۔ ملازمین چائیلڈ کیئر لیو کے طور پر 180 دن کی رخصت حاصل کرسکتے ہیں۔ حکومت نے آر ٹی سی ملازمین کی ترقی کو بھی منظوری دی ہے۔ محکمہ پولیس کے ملازمین کے لئے ارنڈ لیو کی پہلی قسط جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔1