حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر چندرا بابو نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش کے بعض پولیس عہدیدار وائی ایس آر پارٹی کارکنوں کی طرح کام کررہے ہیں۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں کئی اضلاع میں تلگودیشم پارٹی کو سبقت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جمہوریت میں اپوزیشن کی آواز کو کچلنے کیلئے پولیس کا استعمال کہاں تک درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کارکنوں کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس کے فرضی ووٹرس کی شناخت پر پولیس الٹا تلگودیشم کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے۔ کپم میں وائی ایس آر کانگریس کے قائدین کو رقم تقسیم کرتے ہوئے پکڑنے والے تلگودیشم قائدین کو پولیس ہراساں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلور میں ریاستی وزیر کی جانب سے تلگودیشم قائدین کو لال کے ذریعہ پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دی گئی اور ہراسانی کے نتیجہ میں سرینواس نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں تلگودیشم کو اکثریت حاصل ہوگی۔ پرکاشم ضلع میں مجالس مقامی کے چناؤ میں تلگودیشم نے سبقت حاصل کرلی ہے۔ر