جموں: جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں پیر کے روز 35 برسوں سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن ارناس کی ایک ٹیم نے پیر کے روز 35 برسوں سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار شدہ ملزم کی شناخت محمد شفیع ولد لالہ بکروال ساکن متلوٹ کے بطور ہوئی ہے ۔ انہوں نے بیان میں کہا پولیس اسٹیشن ماہور میں6 نومبر 1986 کو شیو سرن ولد گنگا رام نامی ایک شخص نے ایک تحریری شکایت درج کی جس میں شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے بھیڑ بکریاں چروانے اور دیکھ بال رکھنے کیلئے محمد شفیع کے حوالے کیں لیکن اس (محمد شفیع) اور دیگر لوگوں نے ان کو بیچ دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ماہور میں ایک کیس درج کر کے مذکورہ ملزم کی تلاش شروع کی گئی لیکن وہ یہ جرم انجام دینے کے بعد رو پوش ہوگیا۔