ب7برسوں میں پہلی مرتبہ کانگریس قائدین کا پرگتی بھون میں داخلہ

   

بھٹی وکرمارکا اور ارکان اسمبلی کی چیف منسٹر سے ملاقات، متوفی دلت خاندان کیلئے مختلف اعلانات
حیدرآباد: تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے سات برسوں میں پہلی مرتبہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپوزیشن کانگریس پارٹی کو پرگتی بھون میں ملاقات کا موقع دیا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی قیادت میں ارکان اسمبلی ڈی سریدھر بابو ، جگا ریڈی نے چیف منسٹر کو یادداشت حوالے کرتے ہوئے پولیس تحویل میں دلت خاتون کی موت کے مسئلہ پر نمائندگی کی ۔ یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس قائدین کو ملاقات کا وقت پوچھتے ہی چیف منسٹر نے اپائنٹـمنٹ دے دیا۔ کانگریس کے قائدین نے اس سے قبل بھی کئی مرتبہ چیف منسٹر سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور بعض قائدین پرگتی بھون تک پہنچ گئے لیکن انہیں ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ بھونگیر میں دلت خاتون کی پولیس لاک اپ میں موت کے واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کانگریس قائدین کو پرگتی بھون میں ملاقات کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ اس مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کانگریس قائدین نے آج ہی گورنر سوندرا راجن سے ملاقات کی ۔ کانگریس قائدین کی ملاقات کے بعد چیف منسٹر کے دفتر سے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چیف منسٹر نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ دلت خاتون کے موت کی تحقیقات کی جائے اور ازروئے قانون سخت کارروائی کی جائے ۔ چیف منسٹر نے خاطی پولیس عہدیداروں کو ملازمت سے برطرف کرنے کی ہدایت دی۔ کھمم ضلع کے مدیرا اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والی دلت خاتون کی موت پر چیف منسٹر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو ان کی حکومت برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مریماں کے فرزند اور دختر کی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔ فرزند اودے کرن کو سرکاری ملازمت ، اراضی پٹہ اور15 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور مریماں کے دونوں دختران کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری سومیش کمار کو امداد جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا مدیرا اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے ہمراہ ارکان اسمبلی سریدھر بابو ، کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی ، جگا ریڈی اور کانگریس ایس سی سیل کے صدرنشین پریتم موجود تھے۔ چیف منسٹر نے اس واقعہ میں پولیس کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزیر پی اجئے کمار ، رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ اور ضلع کلکٹر و ایس پی کو ہدایت دی کہ بھٹی وکرمارکا کے ہمراہ متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی ، وزیر آر اینڈ بی پرشانت ریڈی ، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی اور پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ موجود تھے۔