حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ٹی سریدھر بابو نے کہا کہ بائیو ایشیا 2026 کا 23 واں ایڈیشن 17 اور 18 فروری کو ہائی ٹیک اگزہیبیشن سنٹر میں منعقد ہوگا۔ اس دو روزہ کانفرنس کا چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاح کریں گے ۔ اس سال ایونٹ کا تھیم “Tech Bio unleashed” رکھا گیا ہے ، جس کے تحت لائیف سائنسیس اور ہیلت کیر کے شعبوں میں جدید ٹکنالوجی کے انضمام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ اس کانفرنس میں تقریباً تین ہزار بین الاقوامی مندوبین، سرمایہ کار ، اسٹارٹ اپس اور غیر ملکی لائیف سائنسیس کمپنیوں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ زیادہ ڈیمانڈ کے پیش نظر کانفرنس کو ہائی ٹیکس میں ایک نئی اور کشادہ جگہ پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ اس عالمی پریس کانفرنس کے ذریعہ تلنگانہ کو ایک ابھرتے ہوئے ٹیک بائیو پاور ہاؤز کے طورپر مضبوط مقام حاصل ہوگا۔ گزشتہ چند برسوں میں حیدرآباد فارما اور بائیوٹیک کے عالمی صلاحیتی مراکز (GCCs) کیلئے اہم منزل بن کر ابھرا ہے۔ ریاست میں ویاکسین تیاری کی صلاحیت کو مستحکم کیا ہے جبکہ بائیو پروسیس ڈیزائین، اڈوانس تھراپی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری آرہی ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ Bio Asia 2026 انہی شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حالیہ دنوں میں مصنوعی ذہانت کو خصوصی اہمیت دی ہے اور لائیف سائنسیس میں AI اور آٹومیشن کے استعمال کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ دی ہے۔2