دونوں جانب ریلنگ بھی خاطر خواہ بلند نہیں: ماہرین کی رائے
حیدرآباد 25 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نو تیار شدہ بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور پر پیش آئے حادثہ کے بعد ڈھانچہ جاتی انجینئرس اور سڑک ماہرین نے اس برج کے ڈیزائین میں نقائص کی وضاحت کی ہے اور تجویز کیا ہے کہ حکام کی جانب سے اس برج پر اشاروں کو بہتر بنایا جائے اور دونوں جانب جو حادثات سے روک تھام کی دیواریں ہیں انہیں اونچی کیا جائے ۔ سیول انجینئرس اور روڈ سیفٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈھانچہ کی منصوبہ بندی ناقص رہی ہے جس کے نتیجہ میں اس برج پر گاڑی چلانا خطرہ سے خالی نہیں ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فلائی اوور بہت مستحکم ہے اور دیرپا ضرور ہے لیکن اس کا ڈیزائین نقائص والا ہے ۔ سیدھی سڑک پر گاڑیوں کی رفتار میں اضافہ یا کمی سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن جب کوئی موڑ کاٹنا ہو اور گاڑی کی رفتار تیز ہو تو اس وقت کم رفتار پر بھی گاڑی کے پھسلنے یا الٹنے کا خطرہ رہتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور پر ایسے خطرہ والے کئی موڑ ہیں اور وہ بھی بہت کم فاصلہ پر ۔ علاوہ ازیں ماہرین کا کہنا ہے کہ سڑک کے دونوں جانب جو رلنگ ہوتی ہے وہ بھی قدرے اونچی ہونی چاہئے اور اس کا ڈیزائین عموما ایسا ہوتا ہے کہ وہ گاڑیوں کے اثر کو برداشت کرسکے ۔ اگر اس کا بھی خاص خیال رکھا جائے تو بڑی حد تک ایسے حادثات کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے ۔