بائیڈن انتظامیہ میں باحجاب خاتون سمیرا فاضلی

   

امریکی پالیسیوں پر اثرانداز ہوسکتی ہیں

واشنگٹن : وائیٹ ہاؤس میں ان دنوں باحجاب خاتون سمیرا فاضلی بائیڈن نظم و نسق کی اہم رکن ہے۔ انہیں کئی اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ وہ ہمیشہ حجاب میں رہتی ہیں۔ ان کے باحجاب رہنے پر کئی سوال اٹھ رہے ہیں کہ آیا وہ بائیڈن نظم و نسق کی ذمہ دار عہدیدار ہونے کی حیثیت سے امریکی پالیسیوں پر اثرانداز ہوسکتی ہیں؟ سمیرا فاضلی امریکی باحجاب خاتون ہیں۔ وہ تعلیم کے دور سے ہی حجاب کرنا شروع کیا۔ وہ اب بھی حجاب کرتی ہیں۔ سمیرا کے والدین ڈاکٹر ہیں۔ والد ڈاکٹر یوسف فاضلی سرجن ہیں جبکہ والدہ ڈاکٹر رفیقہ فاضلی پیتھالوجسٹ ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کے بعد جوبائیڈن نے ہندوستانی نژاد امریکیوں کو اپنے نظم و نسق میں شامل کیا۔ ان میں کشمیری نژاد امریکی خاتون کا نام بھی شامل تھا جس نے اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کیلئے میڈیکل تعلیم چھوڑ کر سماجی امور کی تعلیم حاصل کرنے کا عزم کیا تھا۔ بائیڈن نظم و نسق میں قومی اقتصادی کونسل کی ڈپٹی ڈائرکٹر کی حیثیت سے وہ اپنے روزمرہ کام حجاب میں رہ کر ہی انجام دے رہی ہیں۔ اس سے پہلے وہ سابق صدر بارک اوباما کے نظم و نسق میں اقتصادی امور کی سینئر مشیر رہ چکی ہیں۔ سمیرا تین بچوں کی ماں ہیں اور امریکی ریاست جارجیا سے تعلق رکھتی ہیں۔ نیویارک کے شہر بفلو کے ایک دیہی علاقہ میں پیدا ہونے والی سمیرا نے امریکہ میں کئی نام کمائے ہیں۔ سمیرا اپنے شوہر اور تین بچوں کے ہمراہ نیویارک سے جارجیا منتقل ہوگئی تھیں۔ وہ ریزرو بینک آف اٹلانٹا میں ڈائرکٹر ہیں۔ وائیٹ ہاؤس میں تقرری کے بعد وہ بینک سے عارضی رخصت پر ہیں۔