واشنگٹن: امریکی صدر بائیڈن نے اتوار کو امریکی صدارت کیلئے نائب صدر کملا ہیرس کی امیدواری کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹس کی قیادت کرنے کا مقصد مزید متعصبانہ انتشار سے بچنا ہے۔ دوسری طرف ٹرمپ نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ کملا ہیرس کو شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہو گا۔بائیڈن نے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ آج میں کملا ہیرس کی اس سال ہماری پارٹی کی نامزدگی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور توثیق پیش کرنا چاہتا ہوں۔ بائیڈن نے اپنے حامیوں سے کملا ہیرس کی مہم میں چندہ دینے کی اپیل بھی کی۔59 برس کی کملا ہیرس امریکہ کی تاریخ میں کسی بڑی پارٹی کی کی طرف سے سربراہ مملکت کی امیدوار بننے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن جائیں گی۔ بائیڈن نے اتوار 21 جولائی کو 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کی امیدواری سے اس وقت دستبرداری کا اعلان کردیا جب ان کے ڈیموکریٹک ساتھیوں کا ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دینے کیلئے ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیت پر اعتماد ختم ہو گیا تھا۔
صدارتی امیدوار کیلئے بائیڈن کی توثیق اعزاز : کملا ہیرس
واشنگٹن: امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کیلئے صدر بائیڈن کا توثیق کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے نامزدگی کے حصول اور صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے پْرعزم ہوں۔دوسری جانب ڈونالڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس کے متوقع صدارتی امیدوار ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں کملا کو ہرانا آسان ہوگا، بائیڈن صدر کا انتخاب لڑنے اور بطور صدر خدمات انجام دینے کے قابل نہیں اور نہ کبھی تھے۔