واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے کہا ہیکہ امریکی صدر جو بائیڈن پارکنسنز کے مرض کا علاج نہیں کروا رہے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے یہ وضاحت ان رپورٹس سامنے آنے کے بعد کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس بیماری کے ماہر ڈاکٹر نے گذشتہ سال آٹھ بار وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔27 جون کو بائیڈن کے ریپبلکن ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی بحث میں ناکامی کے بعد سے یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ صدر کسی نامعلوم بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ ’نیویارک ٹائمز‘ نے رپورٹ کیا کہ وائٹ ہاؤس کے وزیٹر لاگ سے پتہ چلتا ہیکہ ڈاکٹر کیون کینارڈ جو ایک نیورولوجسٹ ہیں حال ہی میں پارکنسنز کی بیماری کے ماہر ہیں وہ گذشتہ موسم گرما سے اس موسم بہار تک آٹھ بار وائٹ ہاؤس تشریف لائے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کرائن جین پیئر نے ایک نیوز کانفرنس میں کینارڈ کے دورہ کی تصدیق کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تمام شرکاء کی رازداری کا احترام کرنا چاہتی ہیں۔