بائیڈن نے ہاویئر بسیرا کو وزیر صحت نامزد کر دیا،آج باقاعدہ اعلا ن متوقع

,

   

واشنگٹن:امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی کابینہ میں وزیرِ صحت کے عہدے کے لیے کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل ہاویئر بسیرا کا انتخاب کیا ہے۔بسیرا ہیلتھ کیئر ایکٹ کے حامی ہیں جنہیں بائیڈن انتظامیہ میں کرونا وائرس کے خلاف کوششوں کے لیے اہم منصب دیا جا رہا ہے۔اگر امریکی سینیٹ 62 سالہ بسیرا کی تقرری کی توثیق کر دیتی ہے تو وہ پہلے لاطینی امریکی ہوں گے جو ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ ہیومن ریسورسز کے سربراہ ہوں گے۔اس ادارے کا بجٹ ایک ٹرلین ڈالر سے زیادہ ہے جب کہ 80 ہزار سے زیادہ ملازمین یہاں کام کرتے ہیں۔ ادویات اور ویکسینز کی تیاری اور جدید طبی تحقیق کے ساتھ ساتھ 130 ملین امریکیوں کی انشورنس کوریج کے پروگرام بھی اسی ادارے کی ذمہ داریوں کا حصہ ہیں۔بسیرا کے انتخاب سے متعلق فیصلے سے آگاہ دو اہم شخصیات نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا ہے کہ فیصلے کا باقاعدہ اعلان منگل کو متوقع ہے۔انہی دو ذرائع نے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے سربراہ کے عہدے کے لیے ویلنسکی کے انتخاب کی بھی تصدیق کی ہے۔یاد رہے کہ سی ڈی سی کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے سینیٹ کی توثیق کی ضرورت نہیں ہے۔