بائیں بازو قائدین کا کے سی آر کو مکتوب

   

آر ٹی سی بحران پر کل جماعتی اجلاس کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) بائیں بازو کی جماعتوں کے قائدین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے آر ٹی سی بحران پر بات چیت کے لیے ملاقات کی خواہش کی ہے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی کے قائد پی رنگنا رائو اور سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی کے ایس وینکٹیشور رائو نے کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کو بحران سے بچانے کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی۔ مکتوب میں کہا گیا کہ ملازمین گزشتہ 52 دن سے ہڑتال کررہے ہیں جس کے سبب ان کے خاندان معاشی بحران کا شکار ہوچکے ہیں۔ ملازمین نے رجوع بکار ہونے کا فیصلہ کیا لیکن حکومت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ بائیں بازو کے قائدین نے کہا کہ آر ٹی سی بحران کی یکسوئی حکومت کے ذریعہ ممکن ہے لہٰذا چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ کل جماعتی اجلاس طلب کریں یا پھر بائیں بازو قائدین کو ملاقات کا وقت دیا جائے۔