بابا صدیقی قتل کیس: تفتیش کے دوران کئی انکشافات

   

ممبئی : بابا صدیقی قتل کی تحقیقات میںایک قاتل کے موبائل فون سے ذیشان صدیقی کی تصویر بھی ملی۔ ذرائع کے مطابق یہ تصویر ملزمحن کے ساتھ ان کے ہینڈلر نے اسنیپ چیٹ کے ذریعے شیئر کی تھی۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ شوٹر اور سازش کرنے والے اسنیپ چیٹ پر ایک دوسرے کو پیغامات بھیجتے تھے۔ لارنس گینگ کے ہینڈلر سے اسنیپ چیٹ پر موصول ہدایات کے بعد یہ پیغام حذف کر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی انکشاف ہوا کہ پہلے ملزم نے بابا صدیقی کو قتل کرنے ایک کروڑ روپے مانگے تھے۔گرفتار ملزم رام کنوجیا نے پوچھ تاچھ میں یہ بات بتائی۔بابا صدیقی قتل کیس میں جمعہ کو کرائم برانچ نے مزید 5 ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم رام کنوجیا نے بتایا کہ ابتدا میں شبھم لونکر نے اسے اور نتین سپرے کو بابا صدیقی کے قتل کا ذمہ دیا تھا۔ رام کنوجیہ کو اندازہ تھا کہ بابا صدیقی کو قتل کرنے کے بعد کیا ہوسکتا ہے، اس لیے اس نے انکار کیا۔پولیس کے مطابق رام کنوجیا یہ ٹھیکہ نہیں لینا چاہتا تھا، اسی لیے اس نے بابا صدیقی کو مارنے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا، جس کے بعد شبھم لونکر نے اپنا ارادہ بدل لیا۔ ذرائع کے مطابق رام کنوجیا اور نتن سپرے پیچھے ہٹ گئے، پھر شبھم نے یہ کام دھرم راج کشیپ، گرنیل سنگھ اور شیوکمار گوتم کو دیا۔بابا صدیقی قتل کیس میں قتل کے وقت بابا صدیقی کے ساتھ موجود پولیس سیکیورٹی اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بابا صدیقی کی سیکیورٹی کیلئے تعینات کانسٹیبل نے اس وقت بابا صدیقی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس وجہ سے کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں اندرونی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
ملزم کے فون سے بابا صدیقی کے بیٹے کی تصویر برآمد
ممبئی : ممبئی کے سیاسی قائد اور سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی کے قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں ایک ملزم کے سیل فون سے ان کے بیٹے کی تصویر ملی ہے۔ یہ تصویر واٹس ایپ پر گفتگو کے دوران اسنیپ کی گئی تھی۔ بابا صدیقی کو گزشتہ ہفتہ ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔ وہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے قریبی دوست تھے جسے بشنوئی برادری نے قتل کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ سلمان خان پر 26 سال قبل دو کالے ہرن مارنے کا الزام ہے جبکہ بشنوئی برادری کالے ہرن کی پوجا کرتی ہے۔ بابا صدیقی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے انڈر ورلڈ سے بھی تعلقات تھے۔ بشنوئی برادری نے ان کے قتل کی ذمہ داری کا دعوٰی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر اس شخص کو نشانہ بنائے گی جس کے سلمان خان سے تعلقات ہیں۔ سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے کے ساتھ ساتھ بشنوئی برادری معافی کے لیے تجاویز اور شرائط بھی پیش کرتی رہی ہے۔ پہلے کہا گیا تھا کہ سلمان خان کو بشنوئی برادری کے مقام مکتی دھام مندر میں آکر معافی مانگنا ہوگی اور عہد بھی کرنا ہوگا کہ وہ پھر کبھی جنگلی حیات کو نشانہ نہیں بنائیں گے بلکہ اس کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔