بابری مسجد کی شہادت کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دینا مضحکہ خیز: پی چدمبرم

   

سیکولرازم کے تحفظ کیلئے کانگریس کی قربانیاں، مجلس سے روابط ہمیشہ بہتر نہیں رہے
حیدرآباد ۔16۔نومبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے بابری مسجد کی شہادت کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دینے سے متعلق چیف منسٹر کے سی آر کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی چدمبرم نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی انتہائی سیکولر پارٹی ہے جس نے سیکولرازم کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کی شہادت کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دینا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر چاہے کسی مذہب کا کیوں نہ ہو ، اس سے تائید کی اپیل کرنا غلط نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کے بعد سے ملک میں سیکولرازم کا تحفظ کیا جس کیلئے کئی قربانیاں پیش کیں۔ سیکولرازم کے تحفظ کیلئے آنجہانی اندرا گاندھی نے اپنی جان کی قربانی دی۔ مجلس کی جانب سے کانگریس کی مخالفت اور سابق میں بہتر تعلقات کے بارے میں سوال پر چدمبرم نے کہا کہ مجلس کے کانگریس کے کبھی بھی بہترین روابط نہیں رہے۔ اسد اویسی کے والد نے بعض مرتبہ تائید کی اور بعض مرتبہ کانگریس کی مخالفت کی۔ ایک سوال کے جواب میں چدمبرم نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس میں چیف منسٹر کی اہمیت رکھنے والے 12 قائدین کی موجودگی خوش آئیند ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی اپنے قائدین کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی طرح کانگریس ون مین پارٹی نہیں ہے۔ مرکز میں مخلوط حکومت کی کے سی آر کی پیش قیاسی پر تبصرہ کرتے ہوئے چدمبرم نے کہا کہ کانگریس نے 10 برسوں تک مرکز میں کامیابی کے ساتھ مخلوط حکومت چلائی ہے۔ 10 برسوں میں ملک کی ترقی مثالی رہی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی احتجاج اور قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے کانگریس نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور مرکز کو قربانیوں کیلئے ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ تلنگانہ میں 4000 کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک کے سبب تلنگانہ تشکیل دیا گیا جس میں کے سی آر کا کوئی انفرادی رول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد کے سی آر نے کانگریس سے جو وعدہ کیا تھا ، اس سے انحراف کرلیا گیا۔ چدمبرم نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت 6 ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے ایکشن پلان تیار کرچکی ہے۔ اسکیمات کے لئے وسائل اکھٹا کرنے کے معاملہ میں ہائی کمان تلنگانہ قائدین کی رہنمائی کرے گا۔ چدمبرم نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ اپوزیشن قائدین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کریں۔ چدمبرم نے تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کو یقینی قرار دیا۔