بابری مسجد کیس : اڈوانی کا جمعہ کو حلفیہ بیان

   

لکھنو : خصوصی سی بی آئی عدالت نے 1992 ء میں بابری مسجد کے انہدام سے متعلق کیس میں سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی کا بیان قلمبند کرنے کے لئے جمعہ 24 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ عدالت نے آج کہاکہ 92سالہ بی جے پی لیڈر کا حلفیہ بیان ضابطہ فوجداری کے دفعہ 313 کے تحت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریکارڈ کیا جائے گا ۔ خصوصی جج ایس کے یادو نے اپنے حکمنامہ میں ایک اور بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی کے حلفیہ بیان کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ قلمبندی کے لئے جمعرات 23 جولائی کی تاریخ بھی مقرر کردی ۔ عدالت اس سیکشن کے تحت 32 ملزمین کے بیانات قلمبند کررہی ہے تاکہ اُنھیں اگر وہ چاہیں تو اپنی بے قصوری عدالت کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے ۔ بی جے پی لیڈر اوما بھارتی اس ماہ کے اوائل شخصی طورپر عدالت میں حاضر ہوچکی ہیں۔