بابر۔ رضوان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان 13 برس بعد فائنل میں

,

   

سڈنی ۔ بابر اعظم اور مین آف دی میچ محمد رضوان کی ریکارڈ پارٹنرشپ اور نصف سنچریوں کی بدولت یہاں ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے اپنے حریف نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ پاکستان اس کامیابی کے ذریعہ 13 سال بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے جیسا کہ 2007 میں جب پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا تب ہندوستان نے پاکستان کو فائنل میں شکست دی تھی لیکن 2019 میں یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ پاکستان نے آج یہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغازکیا اور ٹیم کے لیے اس ورلڈکپ میں بھی سنچری اوپننگ پارٹنرشپ دی۔ بابر اعظم کے بیٹ نے رنز بنائے اور انہوں نے 42 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی نصف سنچری سیمی فائنل میچ میں اسکورکی، کپتان نے 38 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ اننگز کے 13 ویں اوور میں پاکستان کے 105 کے اسکور پر بابر اعظم کو53 رنز پر ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کروایا جو بابر نے ہوا میں کھیلا ۔ محمد رضوان 57 رنز بناکر17 ویں اوور میں کیچ آؤٹ، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 132 تھا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کین ولیمسن نے 46 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔