سابق نائب وزیر اعظم کی یوم پیدائش تقریب، جگدیش ریڈی کا خطاب
سوریاپیٹ: وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ہندوستان کے سابق نائب وزیر اعظم اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر بابو جگ جیون رام کی ذات پات سے پاک سماج کے لیے ان کی محنت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی ترقی کے علمبردار ڈاکٹر جگجیون رام ملک کے ایک عظیم قائد تھے۔انہوں نے کہا کہ طبقاتی اور ذات پات کی تفریق کے دوران دلت لیڈروں کا عروج ایک بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دلتوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے گی کہ وہ معاشی طور پر ترقی کریں۔جگدیش ریڈی نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم ضلع کے چار حلقوں میں 8,000 لوگوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ نلگنڈہ ضلع میں 24,000 لوگوں کے لیے نافذ کی جائے گی۔ ڈاکٹر بابو جگجیون رام ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے نچلی سطح کی ترقی کے لیے مسلسل جدوجہد کی اور کہا کہ ملک کے لیے ان کی خدمات مثالی ہیں۔ بابو جگجیون رام نے دلتوں کی بہتری کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ جگجیون اور امبیڈکر کے خواب کو پورا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت شبانہ روز مساعی کررہی ہے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی، صدر نشین بلدیہ سوریاپیٹ انا پورنا، سابق رکن اسمبلی ڈی گوپال، سابق صدر نشین بلدیہ سوریاپیٹ جے ایس نارائن ودیگر موجود تھے ۔