حیدرآباد21جولائی(یواین آئی) سڑک پر پڑے گڑھوں کو نظرانداز کرنے پر آندھراپردیش میں ایک رکن اسمبلی نے انوکھا احتجاج کیا۔اسمبلی میں تروورو حلقہ کی نمائندگی کرنے والے برسر اقتدار تلگودیشم لیڈر کے سرینواس راواین ٹی آرضلع کی ترورومین روڈپرسڑک پرگڑھوں کو دیکھ کر محکمہ عمارات وشوارع کے عہدیداروں کی لاپرواہی کے خلاف گڑھے پر اسٹول ڈال پر بیٹھ گئے ۔اس انوکھے احتجاج کا مقصد سڑکوں کی خراب حالت کی طرف توجہ دلانا تھا۔یہ گڑھے ، حالیہ بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پڑے ہیں۔ان کاکہنا ہے کہ وہ گذشتہ پانچ برس سے اس مسئلہ کو حکام کے علم میں لارہے ہیں تاہم اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔اس احتجاج کی اطلاع کے ساتھ ہی محکمہ عمارات وشوارع کی اسسٹنٹ انجینئرگائتری وہاں پہنچیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سڑک کی ترقی کیلئے رقم کی منظوری دی ہے ۔ جنوری 2024 میں ٹنڈر بھی دیا گیا تھا تاہم انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد بارش کا موسم شروع ہونے سے سڑک کی ترقی کا کام رک گیا۔گائتری نے احتجاج کرنے والے رکن اسمبلی کو یقین دلایا کہ مرمت کا کام مانسون ختم ہونے کے فوراً بعد شروع کیا جائیگا۔ اس یقین دہانی کے بعد احتجاجی ایم ایل اے سرینواس راؤ نے اپنا احتجاج ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی لیکن مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے گڑھوں کی فوری مرمت کی ضرورت پر زور دیا۔