بارش سے محکمہ پنچایت راج کو 230 کروڑ روپئے کا نقصان

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں گذشتہ دو ماہ سے ہونے والی بارش سے محکمہ پنچایت 230 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ جولائی اور اگسٹ میں ہوئی دھواں دھار اور موسلا دھار بارش سے پنچایت راج کی سڑکیں اور ڈرینج نظام کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے انہیں عارضی اور مستقل تعمیر و مرمت کیلئے تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔ 1058 کاموںکیلئے 230 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بارش سے جولائی میں 98 کروڑ اور اگسٹ میں 132 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ 372 سڑکوں کو 96 کروڑ روپئے کے نقصانات ہوئے۔ 257 مقامات پر بڑے بڑے پتھر سڑکوں پر گرے اس کی مرمت کیلئے 18 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ 429 کراس ڈرینج کاموں کیلئے 116 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ محکمہ پنچایت راج کے زیر اہتمام 18 عمارتوں کی مرمت کیلئے 2.41 کروڑ روپئے درکار ہونے کی عہدیداروں کی جانب سے رپورٹ تیار کی گئی ہے جس کو عنقریب حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔ N