چیف منسٹر کو ریونت ریڈی کا مکتوب ، کسانوں کے قرض معاف کئے جائیں
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حالیہ بارش سے متاثرہ خاندانوں کے لئے امدادی پیکیج کے اعلان کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ریاست میں شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال نے زرعی شعبہ کو بھاری نقصان سے دوچار کیا ہے۔ شہری علاقوں میں املاک کی تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے آغاز سے قبل حکومت کی تیاریوں میں ناکامی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا ۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ سابق میں اس طرح کی صورتحال کے موقع پر مرکز کی جانب سے ٹیم روانہ کی گئی اور امداد کا اعلان کیا گیا لیکن اس مرتبہ نریندر مودی حکومت نے تلنگانہ کے نقصانات پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اسکیمات برائے نام ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر 24 گھنٹے حضور آباد کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کیلئے فکرمند ہیں، انہیں بارش کے نقصانات کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فی ایکر 15000 روپئے کی امداد اور نقصان زدہ فصلوںکی حکومت کی جانب سے خریدی کا مطالبہ کیا ۔ ریونت ریڈی نے شہری علاقوں کے متاثرین کیلئے بھی امدادی پیکیج کی مانگ کی ہے۔
